| بلاگز | اگلا بلاگ >>

جسٹس برائن لارا

وسعت اللہ خان | 2007-08-16 ،13:16

بقول شخصے ایسا لگ رھا ہے کہ بیس جولائی کو بحالی کے بعد سے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری برائن لارا بن گئے ہیں اور جس رفتار سے انکی قیادت میں سپریم کورٹ کی ٹیم قانون کے بیٹ سے چوکے چھکے لگا رہی ہے اس سے اسٹیبلشمنٹ الیون کے وکٹ کیپر ملک محمد قیوم سمیت سب کی زبانیں باہر نکل آئی ہیں اور ہر کوئی باؤنڈریاں روکنے میں لگا ہوا ہے۔
blo_wusat_lawyers_women203.jpg

پہلی اننگز میں حالت یہ تھی کہ ججز الیون کو صرف یہ فکر تھی کہ کہیں بہت زیادہ ایل بی ڈبلیوز نہ ہوجائیں۔ زیادہ تر کھلاڑی بیٹ پر گیند روکنے کی حکمتِ عملی اپنائے رہے۔ اسٹیبلشمنٹ الیون کسی بھی ہٹ کو گلی سے باہر جانے نہیں دے رہی تھی۔ حتی کہ ایمپائر اسٹیبلشمنٹ کے باؤلرز کی جانب سے کریز سے گز گز بھر باہر کرائی جانے والی گیند کو بھی وائڈ قرار دینے کے لئے تیار نہیں تھا۔ ویسے توایک اوور میں صرف دو باؤنسر پھینکنے کی اجازت ہوتی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ الیون کے بولرز باؤنسرز کے پورے پورے اوورز کراتے رہے مگر امپائر نے انہیں بالنگ سے ہٹانا تو دور کی بات ہے وارننگ تک نہیں جاری کی۔

البتہ جب دوسری اننگز کی تیسری ہی گیند پر جو کریز سے بھی باہر تھی امپائر نے ججز الیون کے اوپنر کپتان کو آؤٹ قرار دے دیا تو تماشائی میدان میں گھس آئے اور پتھراؤ شروع ہوگیا۔ تقریباً آدھے دن کا کھیل ضائع ہوگیا۔ لیکن اسکے بعد جب ون ڈاؤن نے آوٹ ہونے سے پہلے سنچری ماری اور پھر مڈل آرڈر میدان میں اترا تو اب حالت یہ ہے کہ بلے بازوں کو ہر گیند فٹبال نظر آرہی ہے اور تماشائیوں کی ہتھیلیاں لال ہوچکی ہیں۔ یہی وقت ہے کہ ججز الیون کے کپتان اور نائب کپتان کو سوچنا چاہئے کہ انکے زہن میں کیا ٹارگٹ ہے اور وہ یہ اننگز کتنے رنز پر ڈیکلئیر کرنا چاہتے ہیں یا پھر وہ فالو آن سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے۔

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 4:07 2007-08-17 ,عمران شاہد :

    وسعت اللہ صاحب آپ نے ہنستے ہنستے بہت گہری بات کر دی ہے۔ مجھے آپ کی پوسٹ پڑھ کر ڈر لگا کہ کہیں ایسا نہ ہو جیسے اوول ٹیسٹ میں ڈیرل ہیئر نے کیا تھا۔ بےایمانی اور من مانی تو پہلے سے ہی فریق ٹیم کا خاصہ ہے۔ اللہ کرے کہ یہ میچ بخیر و عافیت اپنے اختتام کو پہنچے۔

  • 2. 4:51 2007-08-17 ,ماجد کاظمی :

    کسی بھی وقت موسم خراب ہونے کی وجہ سے کھيل روکا جا سکتا ہے۔۔۔

  • 3. 4:52 2007-08-17 ,ماجد کاظمی :

    کسی بھی وقت موسم خراب ہونے کی وجہ سے کھيل روکا جا سکتا ہے۔۔۔

  • 4. 8:27 2007-08-17 ,فيروز :

    سارے تماشائيوں کی فيورٹ ٹيم ’ججز اليوں‘ ہے۔ اور سارے تماشائي ججز اليوں کو پوری ايک انگز سے جيتا ہوا ديکھنا چاہتے ہيں۔ اگر اسٹيبلشمنٹ اليوں يہ ميچ ہار جاتا ہے تو ٹورنامينٹ سے ہی باہر ہوجائے گا۔ اب صرف بلے بازوں کو ہمت سے ڈٹ کر پچ پر کھڑا ہونا پڑےگا اور بولرس کی نئی پلانس کا حوصلے سے مقابلہ کرنا پڑےگا کيوں کہ اسٹيبلشمنٹ کو ہارنے کی عادت نہيں۔ اس ليے جيتنے کے ليے وہ ہر حربہ استعمال کر سکتے ہيں۔ ليکن اب ہميں يقيں ہے کہ ججز اليوں اسٹيبلشمنٹ کو کلين سويپ کرے گي۔

  • 5. 8:58 2007-08-17 ,آسيہ :

    سوپر!!

  • 6. 9:31 2007-08-17 ,ammar yasri :

    وسعت اللہ جی! بات پہلے ٹیسٹ کی نہیں بلکہ سیریز جیتنے کی ہے۔ ججز کے پینل کا امتحان ایک ٹیسٹ کی جیت تک محدود نہیں ہونا چاہیے، ورنہ یہ سبھی تماشائیوں (عوام) کی فتح کا سرور ختم ہو جائے گا اور پہلے کی طرح مایوسی پھیل جائے گی کہ عوامی الیون پہلا ٹیسٹ لازمی جیتتی ہے لیکن جیت برقرار نہیں رکھ پاتی۔ اور سیریز لازمی ہار جاتی ہے۔ اب ہماری نظرین ورلڈ کپ (عدلیہ کی ازل تک آزادی) کی تیاریوں والے ڈائیلاگ پر نہیں۔۔۔ رواں سیریز ہی ورلڈ کپ میں کارکردگی کی مظہر ہو گی۔
    رب اس کمبینشن اور سپرٹ کو برقرار رکھے۔ آمین۔

  • 7. 11:09 2007-08-17 ,Syed Adeel Azhar :

    میں نے بی بی سی ارود پر اس سے احمقانہ آرٹیکل نہیں پڑھا۔ میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ وسعت صاحب ایک سمجھدار انسان ہیں۔ مگر انہوں نے مشرف مخالفت میں تمام حدیں پار کر دیں۔ سر جی بی بی سی اردو کو گیو ٹی وی نہ بنائیں۔ اپنی غیر جانبداری برقرار رکھیں۔

  • 8. 11:18 2007-08-17 ,شاہد ملک :

    ميری دعا ہے کے ’ججز اليون‘ اسی طرح اپنی اننگز جاری رکھيں تاکہ ’ملٹری اليون‘ اور کو عبرتناک شکست ہو اور عوام کی جان ان سے چھوٹے۔

  • 9. 11:50 2007-08-17 ,ذوالفقار عالم :

    بہت خوب وسعت صاحب، آپ تو آل راونڈر نکلے۔

  • 10. 19:20 2007-08-17 ,Victor Bhana :

    آداب عرض! آپ ہميشہ واقعات کی بہت اچھی مثال دے کر لطافت بھی پيدا کرتے اور بات بھی بنا جاتے ہيں۔ سی جے کی فتح مثالی ہے اور عدليہ کی آزادی اشد ضروری ہے۔ ليکن اگر فالو آن ہو گيا تو آگے کيا ہو گا کون جانے؟
    پاکستان نظرياتی سٹيٹ ہے لہاذا اس کا ماحول بھی نظرياتي۔ نظريات احساس کا نام ہے جو جزبات کو متحرک کرتا ہے ليکن ایک بات کہہ دوں کہ زيادتی ہر چيز کی خطرناک ہوا کرتی ہے۔
    شکريہ

  • 11. 13:33 2007-08-20 ,yasirmehtab :

    ججز الیون کو ’بیسٹ آف لک‘!

  • 12. 13:49 2007-08-20 ,fawad :

    وسعت صاحب شکریہ۔ صحت کے لیے يہ بھی لازم ہے۔ آئندہ بھی ايسی کوشش جاری رکھیں۔

˿ iD

˿ navigation

˿ © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔