| بلاگز | اگلا بلاگ >>

ہندوستانی طالبان یا صرف طالب؟

اصناف: ,

سہیل حلیم | 2009-04-01 ،14:55

ہر قسم کے طالبان آجکل ہندوستانی نفس پر چھائے ہوئے ہیں۔ جدید ترین اسلحہ رکھنے والے پاکستانی طالبان بھی اور صرف داڑھی رکھنے کی خواہش رکھنے والے ہندوستانی طالب علم بھی۔
ادھر پیر کو لاہور کی پولیس اکیڈمی پر حملہ جاری تھا اور ادھر دلی میں ہندوستان کی سپریم کورٹ ملک کو طالبان کے خطرے سے محفوظ رکھنے کا عزم کرتے ہوئے متنبہ کر رہی تھی کہ 'ہندوستان کے طالبان آئی زیشن کی اجازت نہیں دی جاسکتی'۔

بیت اللہ محسود اور ان کے ساتھیوں، اور اگر آئی ایس آئی میں ان کے کچھ ہمدرد ہیں، جیسا کہ امریکہ کا خیال ہے، تو ان کے علاوہ مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو اس بات پر اعتراض ہوگا۔
لیکن سپریم کورٹ کی توجہ کا مہور بیت اللہ سے ہندوستان کو لاحق خطرات نہیں بلکہ ایک پندرہ سولہ سال کے نوجوان کی داڑھی تھی جس پر اس کے سکول کو اعتراض ہے۔ اس نوجوان نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ' ہمیں اس ملک میں طالبان نہیں چاہئیں۔ کل کوئی لڑکی آکر کہے گی کہ وہ برقہ پہن کر سکول جانا چاہتی ہے، تو کیا ہم اس کی اجازت دیدیں گے؟'
ذاتی طور پر میں خود بھی اسی خیال کا ہوں کہ سکول کے قاعدے قوانین سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں۔ اگر داڑھی رکھنی ہے یا برقہ پہننا ہے تو کسی ایسے ادارے میں داخلہ لے لیجیے جہاں اس کی اجازت ہو۔
لیکن دو بنیادی سوال ہیں جو میری سمجھ سے باہر ہیں۔ اگر داڑھی رکھنے یا برقہ پہننے سے ہی ملک کا طالبان آئی زیشن ہو جائے گا تو پھر محمد سلیم کی ہی داڑھی کیوں کٹوائی جائے، ہر ہندوستانی کلین شیو کیوں نہ ہو، اور اگر صرف سکولوں کو مذہبی علامات سے پاک رکھنا مقصود ہے تو سکھ طلباء کو لمبے بال رکھنے اور پگڑی باندھنے کی اجازت کیوں ہو؟
ایک پندرہ سولہ سال کے لڑکے کی داڑھی سے ہندوستان کا سیکیولر کردار خطرے میں پڑ جائے گا، مجھے اس بات پر تھوڑا شبہہ ہے۔
طالبان آئی زیشن کا خطرہ داڑھی رکھنے دیے جانے سے نہیں زبردستی نہ رکھنے دیے جانے سے زیادہ ہے۔

˿ iD

˿ navigation

˿ © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔