| بلاگز | اگلا بلاگ >>

دھونا ہاتھ کا!

وسعت اللہ خان | 2008-10-16 ،14:39

blo_wusat_washing_150.jpgاقوامِ متحدہ نے بدھ پندرہ اکتوبر کو ہاتھ دھونے کا پہلا عالمی دن منایا۔ اقوامِ متحدہ کا منشا تو خیر آلودہ ہاتھوں سے لگنے والی بیماریوں کے بارے میں آگہی بڑھانا اور صابن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ لیکن اقوامِ متحدہ کا نظریہ بہت محدود ہے۔ ہاتھ بھلا صابن سے ہی تھوڑا دھلتے ہیں۔

ہمارے ہاں ان دنوں جتنے لوگ صابن سے ہاتھ دھوتے ہیں ان سے کہیں زیادہ زندگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ مشرقی پاکستان کے بعد کچھ بدگو یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ اب بلوچستان اور قبائلی علاقوں سے ہاتھ دھونے کی کوشش ہو رہی ہے۔ فوج موقع ملتے ہی ہاتھ دھوکر جمہوریت اور آئین کے پیچھے پڑ جاتی ہے۔ جبکہ عام آدمی انصاف اور روزگار سے ہاتھ دھو چکا ہے۔

آئے دن سادہ لوح افراد کسی نوسر باز کے ہاتھوں اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھوتے ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سامنے اپنی اقتصادی حریت سے ہاتھ دھونے کے مرحلے میں ہے، اور ترقی پزیر ممالک تازہ امریکی اقتصادی بحران کے طفیل اپنے رہے سہے وسائل سے بھی ہاتھ دھونے کی تیاری میں ہیں۔

فلسطینیوں کا اپنے علاقوں سے ایک ایک کر کے ہاتھ دھو لینا تو معمول کی بات بن چکی ہے جبکہ تیل پیدا کرنے والے چند قدامت پسند عرب ممالک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ عرصہ ہوا وہ اپنی عزت سے ہاتھ دھو چکے ۔

اے دل کوئی امید، کوئی آس، کوئی خواب

جب دیکھا تجھے، ہاتھ ہی دھوتے دیکھا

امید ہے کہ اقوامِ متحدہ جو بہت پہلے اپنی حاکمیت سے ہاتھ دھو چکا جب آئندہ برس یہ عالمی دن منائے گا تو ہاتھ دھونے کے لیے محض صابن پر زور دینے کی بجائے ہاتھ دھونے کے کثیر الجہتی پہلوؤں اور طریقوں کو بھی اجاگر کرے گا۔

ہاتھ دھونے کے عالمی دن پر
عالمی طاقتیں سنیں اک بات
خونِ ناحق ہے جن پے صدیوں کا
ایک دن میں کہاں دھلیں گے وہ ہاتھ۔۔۔

تبصرےتبصرہ کریں

  • 1. 15:27 2008-10-16 ,نجيب الرحمان سائکو :

    خاں صاحب، اللہ آپ کا بھلہ کرے۔ يہ بلاگ پڑھ کر مجھے اپنا بچپن ياد آگيا جب مجھے بھی يسو، پنجو، ہار، کبوتر، ڈولی کھيل کے دوران اکثر ’ہاتھ دھونے‘ پڑتے تھے۔۔۔

  • 2. 16:05 2008-10-16 ,Imran Hashmi :

    بہت اچھے وسعت صاحب! ہمیشہ کی طرح بہت اعلی!

  • 3. 17:08 2008-10-16 ,sajid :

    ہاتھ دھونے کا کیا کہنا، ہمارے ملک میں استاد ڈنڈوں سے بچوں کے ہاتھ دھوتے ہیں اور جاہل مذہب سے

  • 4. 18:18 2008-10-16 ,Mian Asif Mahmood :

    وسعت اللہ خان
    بھائی واہ کيا انداز تحرير ہے -آپ نے بہت خوبصورتی سے انکو بے نقاب کيا جو انسانيت کے پيچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہيں واہ کيا بات ہے-
    دعا گو
    مياں آصف محمود

  • 5. 18:27 2008-10-16 ,Hamad Shakir :

    بہت اچھا، آپکے بیشتر تبصروں کی طرح نہایت اعلٰی۔

  • 6. 20:12 2008-10-16 ,Faisal Azhar :

    وسعت اللہ خان صاحب چھا گئے ہیں آپ، کیا تصویر کھینچی ہے

  • 7. 8:16 2008-10-17 ,جبار حبيبانی :

    وسعت بہائی کيا زبردست بات کی ہے آپ نے ہميشہ کی طرح دل کو چھونے والا بلاگ لکھا ہے فاشسٹوں کے منہ سے نقاب اتار ديا ہے

  • 8. 15:43 2008-10-19 ,قاضی :

    ہاتھ دھو دل سے اگر گرمی يہ انديشے ميں ہے
    آبگينہ تندی صہبا سے پگھلا جائے ہے

˿ iD

˿ navigation

˿ © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔